حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
10-02-2026
(لاہور نیوز) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایس ایچ او عرفان خان کی سربراہی میں ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران لاہور سے ملزمان زوہیب اور اویس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان سے 30 لاکھ 62 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے، جبکہ پاؤنڈ، متحدہ عرب امارات کے درہم، چیک بکس اور پرائز بانڈ بھی قبضے میں لیے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔