جعلی پولیس مقابلہ کیس: سابق ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کی ضمانتیں خارج
10-02-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جعلی پولیس مقابلے کے مقدمے میں قصور کے سابق ایس ایچ او حسن عمران سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں، جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے پولیس اہلکاروں کی ضمانتوں پر سماعت کی۔
پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ مصطفیٰ آباد قصور میں 2024 میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وکیلِ مدعی کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اس کے بھائی کو ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار کیا اور دورانِ حراست جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔ وکیلِ مدعی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے دورانِ حراست قتل کے معاملے کی تفتیش کی، جس میں ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے ضمانتیں خارج ہونے کے بعد احاطہ عدالت میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ وکلاء نے الزام عائد کیا کہ پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ بعد ازاں پولیس نے سخت سکیورٹی میں پانچوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی۔ گرفتاری کے دوران وکلاء کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر تشدد کا بھی واقعہ پیش آیا۔