پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ 34 فیصد اضافہ
10-02-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کرنے والے شہریوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ پنجاب میں 8 لاکھ 56 ہزار سے زائد شہری لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں 34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ ماہ 1 لاکھ 39 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے، جبکہ 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ ترجمان کے مطابق 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 1500 سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔ گزشتہ ماہ 3600 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے۔ آن لائن لائسنسنگ سہولیات کے استعمال میں 168 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق 4 لاکھ سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ محمد وقاص نذیر کے مطابق پنجاب میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے، سیکھ کر گاڑی چلانے والوں کی وجہ سے صوبے میں مہلک حادثات میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں۔