حکومتِ پنجاب کی نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے اہم وضاحت جاری

10-01-2026

(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کر دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ پنجاب میں نئے انفرادی اسلحہ لائسنس پر پابندی برقرار ہے۔ ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ نئے اسلحہ لائسنس کی فراہمی کے فراڈ سے محفوظ رہیں، کسی بھی شخص کی جانب سے رقم طلب کرنے یا لائسنس جاری کرنے کی پیشکش کی صورت میں 04299211743 پر اطلاع دیں۔ حکومتِ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کا نیا نظام متعارف کروایا ہے جس کے تحت شہریوں کو ڈیجیٹل لائسنس مل سکیں گے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے نادرا کے ساتھ معاہدے میں نئی ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت شہری اپنے اسلحہ لائسنس کے قابلِ تصدیق ڈیجیٹل کریڈنشلز حاصل کر سکیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے درمیان معاہدے کی مدت 31 دسمبر 2026 تک بڑھا دی گئی جبکہ معاہدے کا اطلاق یکم جنوری 2023 سے 31 دسمبر 2026 تک ہو گا۔ ترمیم شدہ معاہدے سے سنگل سائن آن تصدیق کی شق ختم کر دی گئی جبکہ تکنیکی اور سکیورٹی خدشات کے باعث مشترکہ لاگ اِن کی شق بھی نکال دی گئی۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بھی ترمیم شدہ معاہدے سے سنگل سائن آن کی شق ختم کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد قانونی جائزہ مکمل ہونے پر معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔