29 ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالز فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا، ڈی جی آئی ایس پی آر
10-01-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نیوز کانفرنس کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایک اور فالز فلیگ آپریشن سٹیج کیا گیا ہے، 29 ستمبر کی رات کو بھارتی کور نے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی کور نے دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے، دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی کور نے بعد میں کہا کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی ہے، بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ سپرمین آصف نے مختلف علاقوں میں حملے کیے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی، جن سے متعلق بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا، یہاں موجود ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سپرمین محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ اس موقع پر محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ مجھے بھارت نے شہید کر دیا ہے، بھارتی میڈیا نے مجھ پر جھوٹا اور گھناؤنا الزام لگایا، شہادت کی من گھڑت خبر کے بعد مجھے فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں۔ محمد آصف نے کہا کہ میں ضلع اٹک کے شہر پنڈی گھیپ کا رہائشی ہوں، 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائرڈ ہوا ہوں، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بےبنیاد اور من گھڑت الزامات کی شدید مذمت کرتا ہوں، حیرانی ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں، کس نے شہید کر دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کرتا ہے، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ سب کے سامنے ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نریندر مودی سمیت تمام انتہا پسند ہندو حکام ریاستی سطح پر کی جانے والی دہشت گردی کو فخریہ بیان کرتے ہیں، بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا ہے، بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کشمیری عوام خود دنیا کے سامنے لارہے ہیں، بھارت دہائیوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کررہا ہے، مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا ہندوستان اب انکاؤنٹراستان بن چکا ہے، ہمارا سوال ہے کہ ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟ انہوں نے کہا کہ کہا گیا کہ آپریشن شیرانوالی میں بڑی کامیابی ملی ہے، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی بھی بھارت کا پاکستان مخالف ایک اور چہرہ ہے، ہمارا ہمسایہ ایک گھٹیا اور کم ظرف ملک ہے۔ دشمن کے ہر اقدام کیلئے مکمل تیار، اس دفعہ ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گودی میڈیا کا ایجنڈا صرف اور صرف اپنے انتہا پسند ہندو آقا کو خوش کرنا ہے، بدقسمتی سے ہمارا ایک ایسا ہمسایہ ہے جو اپنے سیاسی عزائم کیلئے صرف جھوٹ بیچتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ہمسایہ زندہ محمد آصف کو دہشت گرد قرار دے کر مارنے کا دعویٰ کرتا ہے، دشمن کے ہر اقدام کیلئے مکمل تیار ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ اس دفعہ کا ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی گھناؤنی شکل سب کو نظر آگئی ہے، بھارت دنیا کو امن کی آشا کے گیت سناتا تھا، خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مکمل پرعزم ہے، حرمین شریفین کا دفاع اور مملکت سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، افواج پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کا دعویٰ کرنے والا بھارت تو خود کو بھی سکیورٹی نہیں دے سکتا، افغان طالبان رجیم نے دہشت گردوں کی سہولت کاری اور فنڈنگ کا آپشن خود منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان دنیا بھر کی دہشت گرد تنظیموں کا مسکن بن چکا ہے، بھارت خیالی شائننگ انڈیا میں رہ رہا ہے، یہ کیسا ملک ہے جو اپنا جنگی جہاز تباہ کرانے والے پائلٹ کو ایوارڈ دیتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افواج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، مسلح افواج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو آپ اور میں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ داخلی انتشار سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، بھارت ایک گھٹیا دشمن ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ہر ایڈوینچر سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کلبھوشن یادیو بھارتی فوج کیلئے ہمیشہ کلنک کا ٹیکہ بنا رہے گا، ملکی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بار بار کہا ہے فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، سیاست سے متعلق کسی چیز کا جواب نہیں دوں گا، سیاست کرنا سیاسی جماعتوں کا کام ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سیاست دانوں نے بنایا، اب اس پر عملدرآمد کریں، صوبوں سے بات چیت کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔