سرکاری سکولوں میں حادثات اور ہنگامی واقعات کی رپورٹنگ کے احکامات

10-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری سکولوں اور دفاتر میں حادثات اور ہنگامی واقعات کی فوری رپورٹنگ کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

پبلک انسٹرکشن سیکنڈری ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا، مراسلے کے مطابق کسی بھی سرکاری سکول یا دفتر میں پیش آنے والے غیر معمولی واقعے کی فوری اطلاع دینا لازم ہو گا، حادثہ، آگ لگنے، عمارت منہدم ہونے، سکیورٹی واقعے یا قدرتی آفت کی صورت میں فوری رپورٹنگ کرنا ہو گی۔ سنگین چوٹ یا جانی نقصان کی صورت میں بھی فوری اطلاع دینا لازمی قرار دیا گیا ہے، ابتدائی اطلاع دستیاب تیز ترین ذریعے سے فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچانا ہو گی۔ جاری ہدایات کے مطابق واقعے کے بعد تحریری رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی، جس میں سکول کا نام اور EMIS کوڈ درج کیا جائے گا، رپورٹ میں حادثے کی تاریخ، وقت اور مقام کے ساتھ واقعے کی مختصر تفصیل بھی فراہم کرنا ہو گی۔ تحریری رپورٹ میں زخمیوں، جانی نقصان اور مالی نقصان کی تفصیلات کے علاوہ سکول اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے فوری اقدامات کی تفصیل بھی شامل کی جائے گی، حادثے کے بعد موجودہ صورتحال اور مزید درکار امداد کی تفصیلات بھی رپورٹ کا حصہ ہوں گی۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سی ای اوز ایجوکیشن معلومات کی درستگی اور بروقت ترسیل یقینی بنائیں، حادثے کی اطلاع میں تاخیر یا واقعہ چھپانے کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DEOs)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سربراہان ادارہ کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔