لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن عالمی رینکنگ میں شامل

10-01-2026

(لاہور نیوز) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں شامل ہوگئی۔

پریس ریلیز کے مطابق ایل سی ڈبلیو یو عالمی یونیورسٹی رینکنگ کے 1401 سے 1600 بینڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں پاکستان کی 56 جامعات شامل ہیں، جبکہ ایل سی ڈبلیو یو کا پاکستانی جامعات میں 45واں نمبر ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی خواتین جامعات کی کیٹیگری میں ایل سی ڈبلیو یو نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ پنجاب کی خواتین جامعات میں بھی ایل سی ڈبلیو یو دوسرے نمبر پر رہی۔ ایل سی ڈبلیو یو اور ویمن یونیورسٹی ملتان خواتین جامعات کی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ وائس چانسلر ایل سی ڈبلیو یو ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ عالمی رینکنگ میں جگہ بنانا یونیورسٹی کی معیاری تعلیم اور تحقیق کا مظہر ہے۔ ایل سی ڈبلیو یو عالمی اشتراک اور تحقیقی اثرات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ آنے والے برسوں میں ایل سی ڈبلیو یو کو مزید بہتر عالمی مقام دلانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ عالمی رینکنگ میں کامیابی خواتین کی اعلیٰ تعلیم میں ایل سی ڈبلیو یو کے کردار کی عکاس ہے۔