روڈ سیفٹی اور ٹریفک ایجوکیشن کا دائرہ وسیع، آگاہی لیکچرز فراہم

10-01-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر شہر میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک ایجوکیشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق روزانہ 20 سے زائد سکولوں اور کالجز میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچرز دیئے جا رہے ہیں، بس اسٹینڈز، سکولز اور کالجز کے علاوہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں بھی شہریوں کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور محفوظ سفر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ رواں سال اب تک 200 سے زائد روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی لیکچرز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا چکا ہے، سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک سسٹم کا انحصار روڈ ایجوکیشن، انفورسمنٹ اور روڈ انجینئرنگ پر ہے، مہذب معاشروں کا اندازہ شہریوں میں موجود ٹریفک شعور سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری صرف چالان کرنے سے نہیں بلکہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے سے ممکن ہو گی، ٹریفک قوانین کی آگاہی کے بغیر ٹریفک نظام میں پائیدار بہتری نہیں لائی جا سکتی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق آگاہی لیکچرز اور روڈ سیفٹی سیمینارز کے انعقاد کا مقصد عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بچوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے اور انہیں قوانین سے آگاہ کرنے کیلئے ٹریفک قوانین کو نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہئے تاکہ نئی نسل کو کم عمری سے ہی روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔