لٹریسی سینٹرز میں ایک سال کے دوران انرولمنٹ میں 25 فیصد اضافہ
10-01-2026
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں محکمہ کے زیر انتظام مختلف پراجیکٹس اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ لٹریسی کی جانب سے جاری منصوبوں کے حوالے سے وزیر تعلیم کو بریفنگ دی گئی، رانا سکندر حیات نے گزشتہ ایک سال کے دوران لٹریسی سینٹرز میں بچوں کی انرولمنٹ میں 25 فیصد اضافے پر محکمہ کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ محدود وسائل کے باوجود قابل ذکر کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے آئندہ سال کلاس روم آن ویل اور لائبریری آن ویل پراجیکٹس شروع کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ رانا سکندر حیات نے محکمہ لٹریسی کو مڈل ٹیک پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے نارتھ پنجاب اور پوٹھوہار ریجن کو زیرو آؤٹ آف سکول چلڈرن بنانے کیلئے محکمہ لٹریسی کو باقاعدہ ورکنگ تیار کرنے کا حکم دیا۔ وزیر تعلیم نے محکمہ لٹریسی کو مزید 40 ہزار آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف بھی دے دیا، اجلاس میں اس مقصد کے حصول کیلئے جاری منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے اور آؤٹ آف سکول بچوں تک رسائی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔