مری ڈویلپمنٹ پلان: واٹر سپلائی، سڑکوں اور سیاحتی منصوبوں کا جائزہ
10-01-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب آفس نے مری میں ایک روز قبل ہونے والے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرپرسن اسٹیئرنگ کمیٹی برائے مری ڈویلپمنٹ پروگرام مریم اورنگزیب نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو مری میں واٹر سپلائی کے پانچ بڑے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں واٹر سپلائی کی بڑی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں، چار بڑے منصوبوں کی تکمیل سے مری کو 7 لاکھ گیلن اضافی پانی ملنے لگا ہے۔ ڈونگا گلی واٹر سپلائی منصوبے کی تکمیل سے پانی کی فراہمی 50 ہزار گیلن سے بڑھ کر ساڑھے 3 لاکھ گیلن روزانہ ہو گئی ہے، جبکہ دھار جاوا، مسوٹ اور کھنی گاٹ میں بھی واٹر سپلائی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے جہلم سے مری تک بلک واٹر سپلائی میگا پراجیکٹ کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دسمبر 2028 مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت 7 پمپنگ اسٹیشنز اور 29.6 کلومیٹر طویل پائپ لائن تعمیر کی جائے گی، جبکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ منصوبے سے مری اور کوٹلی ستیاں کی ساڑھے چار لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مری کے 96 ہزار گھروں کو باؤزرز اور واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی بھی جاری ہے۔ اجلاس میں راولپنڈی، مری، کشمیر (آر ایم کے) روڈ کی تعمیر، توسیع اور مرمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 1996 کے بعد تقریباً 40 سال گزرنے پر آر ایم کے روڈ کی باقاعدہ تعمیر، توسیع اور مرمت کا منصوبہ جاری ہے۔ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات، اسٹریٹ لائٹس، روڈ فرنیچر، روڈ سائیڈ شولڈرز اور ٹف ٹائل فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ مال روڈ مری پر پہلے سرسبز و شاداب ہل ویو پارک کے قیام کا منصوبہ بھی اجلاس میں پیش کیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے بعد مال روڈ پر مری کا پہلا ایمفی تھیٹر بنایا جائے گا، جس میں 600 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ ایمفی تھیٹر سے متصل واک ایبل ایریاز، فیملی پارک، فوڈ اسٹالز اور کیاسک قائم کیے جائیں گے، جبکہ 6 گیزبو اور بچوں کے لیے پلے ایریا بھی بنایا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بانسرا گلی وائلڈ لائف پارک میں سیاحوں کے لیے پہلی مرتبہ زمین سے بلند ایلی ویٹڈ برج قائم کیا جا رہا ہے۔ برج نیچر ٹریل، جنگل جرنی، اینیمل کنگڈم اور لائن انکلوژر سے گزرے گا۔ منصوبے میں ٹائیگر اور لیپرڈ ہاؤس، پائن لاج، وائلڈ لائف ٹریڈ پارک، ایمفی تھیٹر، سووینئر شاپ، فوڈ کورٹ اور ایکو لاج بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں بائیو ڈائیورسٹی پارک سمیت دیگر منصوبوں پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ مال روڈ پر دکانوں، ہوٹلوں اور کیفے کے لیے خصوصی قواعد و ضوابط وضع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مال روڈ کی قدیم عمارت جی پی او اور چرچ کو اصل حالت میں بحال اور برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ جھیکا گلی، جی پی او، گورنمنٹ ہاؤس اور کشمیر پوائنٹ پر بجلی کے بے ہنگم تار ہٹا کر انڈر گراؤنڈ وائرنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مال روڈ سمیت مری کی نمایاں سڑکوں پر دکانوں کے آہنی شٹر کی جگہ لکڑی کے روایتی دروازے متعارف کرانے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ مری میں انتہائی پرانی اور شکستہ حال گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق جھیکا گلی منصوبے کے حوالے سے جاپانی ماہرین ارضیات نے تفصیلی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ منصوبے کے تحفظ کے لیے 296 پائلز لگائی جائیں گی، جن میں سے 200 پائلز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئیسکو حکام کو سامبلی ہسپتال میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے مخصوص لائن فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔