ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف پی ایم اے کی ملک گیر ہڑتال

09-30-2026

(لاہور نیوز) ایف بی آر کی پالیسیوں اور پوائنٹ آف سیلز کے نفاذ کیخلاف ملک گیر ہڑتال ،لاہور بھر میں پرائیویٹ ہسپتال اور کلینکس بند کر دیئے گئے۔

 پی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی ایف بی آر کی پالیسیوں اور پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں پرائیویٹ ہسپتال اور کلینکس بند رکھنے کی اپیل کی گئی تھی، ہڑتال ڈاکٹر برادری کے جائز مطالبات کے حق میں قومی یکجہتی کے اظہار کے طور پر کی گئی  پی ایم اے پنجاب اور پی ایم اے لاہور کی جانب سے قائم کردہ تمام ٹاؤن کمیٹیاں دن بھر متحرک رہیں اور انہوں نے ہسپتالوں اور کلینکس کے ساتھ مسلسل روابط رکھے، پی ایم اے لاہور کے عہدیداران  کا کہنا تھا کہ ہڑتال ڈاکٹر برادری کے اتحاد اور یکجہتی کا واضح پیغام ہے۔ ہم اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ڈاکٹروں اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو نشانہ بنانا اور پوائنٹ آف سیلز کے نام پر غیر ضروری دباؤ ڈالنا ناقابل قبول ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایف بی آر کی پالیسیوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس پر پوائنٹ آف سیلز کے نفاذ کو روکا جائے۔