خواتین اور بچوں سے متعلق 15 کی کالز پر نیا رسپانس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
09-30-2026
(لاہور نیوز) خواتین اور بچوں سے متعلق ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی کالز کے لیے نیا رسپانس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق مال ٹاؤن ڈویژن میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 15 پر کال موصول ہونے پر پولیس کی خواتین افسران اور اہلکار بطور فرسٹ ریسپانڈر فوری موقع پر پہنچیں گی، خواتین افسران متاثرہ خاتون سے درخواست وصول کریں گی اور فوری طور پر ڈائری نمبر بھی جاری کیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت متاثرہ خواتین یا بچوں کو مقدمہ درج کروانے کے لیے بار بار تھانے کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے جبکہ مقدمے کے اندراج کی صورت میں بھی غیر ضروری آمدورفت سے بچایا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد خواتین کو مقدمات کے اندراج کے عمل میں درپیش مشکلات کم کرنا، گھریلو تشدد کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنانا اور موقع پر خواتین افسران کے ذریعے قانونی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس نظام کو دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔