نجی میڈیکل کالجز کو سرکاری اداروں سے زیادہ نشستیں دینے کا تاثر درست نہیں: پی ایم ڈی سی

09-30-2026

(لاہور نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں نشستوں کی منظوری سے متعلق اپنا مؤقف واضح کردیا۔

  پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں نشستوں کی منظوری مقررہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت دی جاتی ہے، کونسل نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں مجموعی طور پر 1400 نشستوں کی منظوری دی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ نشستوں میں اضافے کا مقصد خصوصاً پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے میڈیکل تعلیم تک رسائی آسان بنانا ہے، اس اقدام سے طلبہ کو میڈیکل تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے سے روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ کونسل نے واضح کیا کہ نجی میڈیکل کالجز کو سرکاری میڈیکل کالجز کے مقابلے میں زیادہ نشستیں دینے کا تاثر درست نہیں، پی ایم ڈی سی کے مطابق سرکاری اور نجی دونوں میڈیکل و ڈینٹل کالجز پر یکساں ضابطہ جاتی معیار لاگو ہوتے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا تھا کہ میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں معیاری تعلیمی اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا بنیادی مقصد ہے، جبکہ مریضوں کے تحفظ اور میڈیکل تعلیم کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔