لاہور میں 10 روزہ بسنت کی منظوری، 29 جنوری سے 7 فروری تک ہو گی

09-30-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلانِ لاہور کیلئے بسنت کے حوالے سے بڑا اعلان کرتے ہوئے آئندہ سال لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت منائی جائے گی، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کے باعث بسنت کے جشن کا ایک روز ناغہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 10 روزہ بسنت دنیا بھر میں پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔ واضح رہے کہ 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی، وزیراعلیٰ  نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں  نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں شہریوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے مزید بہتر اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ  نے عوام سے اپیل کی کہ انسانی جانوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کا مظاہرہ کیا جائے اور گزشتہ بسنت کی طرح اس بار بھی ایک نئی مثال قائم کی جائے۔