پنجاب حکومت کا روڈا کے منصوبوں کے لیے 15 ارب روپے تک قرض دینے کا فیصلہ

09-30-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے منصوبوں کے لیے 15 ارب روپے تک قرض فراہم کرنے اور پہلے منسوخ کیے گئے 2 ارب 75 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کے قرضی بیلنس کی بحالی کی منظوری دے دی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) اتھارٹی 15 ارب روپے تک کی رقم مرحلہ وار صوبائی اکاؤنٹ ون میں جمع کرائے گی، جس کے بعد خزانے میں موصول ہونے والی رقم روڈا کو قرض کی صورت میں جاری کی جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق روڈا کو یہ قرض مقررہ شرائط کے تحت مالی سال 2026-27 میں ضمنی گرانٹ کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے روڈا کے پہلے منسوخ کیے گئے 2 ارب 75 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کے قرضی بیلنس کو بھی بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔ بحال کی جانے والی رقم دریائے راوی پر سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق قرضی رقم کی بحالی کا مقصد سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں پر کام کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔ ذرائع کے مطابق روڈا کے لیے قرض اور ضمنی گرانٹ کی منظوری پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے دی ہے۔