درجہ چہارم بھرتیوں میں بے ضابطگیوں پر 59 افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

09-30-2026

(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے لاہور کے سرکاری سکولوں میں درجہ چہارم کی بھرتیوں کے دوران بے ضابطگیوں میں ملوث افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چار سال قبل لاہور کے سرکاری سکولوں میں 400 سے زائد درجہ چہارم ملازمین بھرتی کیے گئے تھے۔ بھرتیوں کے دوران ایسے افراد کو بھی ملازمتیں دی گئیں جنہوں نے اسامیوں کے لیے درخواستیں تک جمع نہیں کروائی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ درجہ چہارم کی 200 کے قریب بھرتیوں کو پہلے ہی جعلی قرار دیا جاچکا ہے، جبکہ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق بے ضابطگیوں میں ملوث 59 افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔