لاہور میں ٹریفک فلو میں خلل اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم
09-30-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک بہاؤ میں خلل، غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈز اور تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا حکم دے دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک کنجشنز کے خاتمے کیلئے سرکل افسران کو فوری کارروائیاں کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ ٹریفک بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور دیگر رکاوٹوں کو فوری ہٹایا جائے، جبکہ تجاوزات قائم کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز مقدمات درج کئے جائیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور پیرا کے عملے کو ساتھ ملا کر گرینڈ آپریشنز کرنے کی ہدایت بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ آگاہی اور وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق رواں سال ٹریفک بہاؤ میں خلل اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1461 مقدمات درج کئے گئے، جبکہ انتہائی خطرناک ڈرائیونگ پر 594 مقدمات کا اندراج ہوا، غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قائم کرنے پر 287 مقدمات، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 50، رانگ پارکنگ پر 52 جبکہ ٹریفک میں خلل ڈالنے پر 217 مقدمات درج کئے گئے۔ اسی طرح کمرشل گاڑی کی مقررہ حد سے بڑی باڈی بنانے پر 24 مقدمات، ایل پی جی سلنڈرز لگانے پر 19 مقدمات، غیر قانونی گرین اور جعلی نمبر پلیٹس پر 115 جبکہ ون ویلنگ پر 11 مقدمات درج کئے گئے۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے تمام چوکنگ پوائنٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے، ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا۔