فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، 21 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، بھاری جرمانے
09-30-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر لاہور کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران 21 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر 20 فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ گلبرگ تھری میں ایک معروف سٹور کو بند کر دیا گیا، کارروائی کے دوران 3 من سے زائد ایکسپائر گوشت، بیمار مرغیاں، چائنہ نمک اور گلے سڑے لیموں تلف کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق متعدد فوڈ پوائنٹس کو اس سے قبل اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے تھے، تاہم بہتری نہ ہونے پر جرمانے عائد کئے گئے، حکام کے مطابق براہ راست فوڈ ہینڈلنگ کرنے والے ورکرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس نامکمل پائے گئے، جبکہ حشرات کی روک تھام کیلئے بھی مقررہ قوانین کے مطابق مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایک فوڈ پوائنٹ کے پروسیسنگ سیکشن میں چوہوں، چھپکلیوں اور دیگر حشرات کی بہتات پائی گئی، اشیاء کا ٹریسیبیلٹی ریکارڈ اور کمپنی سے خریداری کے دستاویزات بھی موجود نہیں تھے، جبکہ ایکسپائر اشیاء کیلئے الگ ریکس بھی مختص نہیں کئے گئے تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق خوراک کی تیاری، پیکنگ اور سٹوریج میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، فوڈ سیفٹی یقینی بنانا ہر فوڈ بزنس کی ذمہ داری ہے اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔