لاہور میں پرائس کنٹرول کریک ڈاؤن، 60 چالان، 2 لاکھ 8 ہزار روپے جرمانہ
09-30-2026
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلع بھر میں گرانفروشی اور منافع خوری کے خلاف پرائس کنٹرول کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع لاہور میں 1999 انسپکشنز کیں۔ اوور چارجنگ پر 60 چالان کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 8 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مسلسل خلاف ورزیوں پر 4 املاک سربمہر اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تحصیل علامہ اقبال ٹاؤن میں 309 انسپکشنز کے دوران 9 چالان اور 29 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 3 دکانیں سیل کی گئیں۔ کینٹ میں 234 انسپکشنز، 2 چالان، 2 ہزار روپے جرمانہ اور 2 گرفتاریاں ہوئیں۔ تحصیل سٹی میں 219 انسپکشنز کے دوران 3 چالان اور 30 ہزار روپے جرمانہ، صدر میں 134 انسپکشنز، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 214 انسپکشنز کے دوران 10 چالان اور 25 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تحصیل نشتر میں 109 انسپکشنز، 4 چالان، 11 ہزار روپے جرمانہ اور ایک دکان سیل کی گئی۔ رائیونڈ میں 258 انسپکشنز کے دوران 12 چالان اور 76 ہزار روپے جرمانہ جبکہ راوی ٹاؤن میں 66 انسپکشنز کے دوران 11 چالان اور 29 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تحصیل واہگہ میں 169 جبکہ شالیمار میں 287 انسپکشنز کی گئیں۔ شالیمار میں 9 چالان اور 5 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے پھلوں اور سبزیوں کی 64 جبکہ چکن کی 45 انسپکشنز بھی کی گئیں، جن کے دوران 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ گرانفروشی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مقررہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔