مبینہ اجتماعی زیادتی کیس: آذربائیجانی خاتون کی پنجاب اسمبلی آمد کی ویڈیو سامنے آگئی
09-30-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس کی تحقیقات کے دوران آذربائیجانی خاتون ڈیانا کی پنجاب اسمبلی کے دورے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں ڈیانا کو پنجاب اسمبلی کے ہال کے اندر موجود دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ اسمبلی کے ایک دفتر میں بھی ویڈیو بناتی نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو میں پنجاب اسمبلی کی عمارت کے مختلف حصوں کے مناظر بھی دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈیانا کی پنجاب اسمبلی آمد اور وہاں موجودگی سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ تحقیقات میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈیانا کس مقصد کے لیے اسمبلی پہنچی اور اسے وہاں داخلے کی اجازت کس کی جانب سے یا کس رابطے کے ذریعے ملی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات کے دوران ڈیانا کی پاکستان میں سرگرمیوں، مختلف افراد سے روابط اور نقل و حرکت کا ریکارڈ بھی زیرِ تفتیش ہے۔ پولیس کے مطابق کیس میں اب تک دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان اس وقت پولیس کی حراست میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج ہے۔