غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کیس، ملزمان کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
09-29-2026
(لاہور نیوز) کینٹ کچہری لاہور نے غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسر فریال ملک گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے پہنچیں، دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کا ڈی این اے کرانا ہے اور مقدمے کی مزید تفتیش درکار ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد ایک ملزمہ کی گرفتاری تاحال باقی ہے، جبکہ ایک اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج ہے، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔