میٹرو بس میں وارداتیں کرنے والا خواتین کا گروہ گرفتار

09-29-2026

(لاہور نیوز) اچھرہ پولیس نے میٹرو بس میں خواتین کے پرس اور موبائل فون چوری کرنے والے مبینہ خواتین گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق پولیس نے تینوں خواتین ملزمان کو شمع میٹرو اسٹیشن سے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران حراست میں لیا، گرفتار خواتین ایک مسافر خاتون کا پرس چوری کرنے کے بعد فرار ہو رہی تھیں کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان میٹرو بس میں سفر کرنے والی خواتین کے موبائل فونز اور پرس چوری کرنے کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث تھیں، ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ گرفتار خواتین چوری اور گینگ سے متعلق 41 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر چوری شدہ پرس اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔