بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور سرپرست کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

09-28-2026

(لاہور نیوز) بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور سرپرستوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔

قانون کے تحت بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والے افراد کو قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا، حکام کے مطابق بچوں سے بھیک منگوانے پر 3 ماہ سے 3 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور سرپرستوں کو ایک لاکھ سے 3 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکے گا۔ بچوں کو بھیک مانگنے کیلئے کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنا بھی قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے، اسی طرح ایسے والدین یا سرپرست جو بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنے میں ناکام رہیں، ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو بھیک مانگنے کے عمل سے بچانے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون پر عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقررہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔