پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن، 9 واٹر فلٹریشن پلانٹس بند

09-28-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 واٹر فلٹریشن پلانٹس بند کر دیئے، جبکہ 18 یونٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں  نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی، ٹیموں نے ٹھوکر نیاز بیگ، ملہنوال، رائیونڈ روڈ اور جوہر ٹاؤن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور مختلف فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق پانی کے سیمپلز فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے بتایا کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران پانی کے نمونوں میں مختلف مضرِ صحت جراثیم پائے گئے، جبکہ پانی کے معیار کے حوالے سے مقررہ فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد بھی نہیں کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض یونٹس میں فلٹرز کی بروقت تبدیلی کا ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات موجود نہیں تھے، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی نامکمل پائے گئے۔ کارروائی کے دوران مختلف فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات بھی سامنے آئے، حکام کے مطابق گندے اور زنگ آلود فریزر، تعفن زدہ ماحول، ٹوٹے ہوئے فرش، گندی دیواریں اور جالے موجود تھے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ غیر معیاری خوراک اور آلودہ پانی کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ اور پانی کے سیمپلز لینے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔