سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ
09-27-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد اور علاج سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں قابلِ قدر اضافہ ہوا ہے۔ بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی مجموعی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں 21 فیصد، آئی پی ڈی یعنی داخل مریضوں کی تعداد میں 11 فیصد جبکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔ پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 57 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنل میڈیسن کے مریضوں میں 26 فیصد، کارڈیالوجی کے مریضوں میں 12 فیصد اور سرجری کے مریضوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ بچوں اور امراضِ جلد کے مریضوں کی تعداد میں 9، 9 فیصد جبکہ ای این ٹی کے مریضوں میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کینسر اور کارڈیک میڈیسن کے 21 لاکھ سے زائد پارسل بھی مریضوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔