لاہور میں انسداد پولیو مہم، 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے
09-27-2026
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبداللہ خان، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنرز اور بین الاقوامی مبصرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے انسدادِ پولیو مہم کے چھٹے روز کی کوریج پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ لاہور میں 22 لاکھ 85 ہزار 477 بچوں کے ہدف میں سے 22 لاکھ 52 ہزار 978 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ مہم کے دوران 15 لاکھ 77 ہزار 316 گھرانوں کو انسدادِ پولیو کوریج فراہم کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق پہلے کیچ اَپ ڈے کے دوران غیر موجود رہنے والے 1 لاکھ 66 ہزار 284 بچوں میں سے 69 ہزار 142 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیے گئے، جبکہ باقی 97 ہزار 142 بچوں تک رسائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران درپیش مسائل کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری رپورٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہ کر پولیو ٹیموں کے مسائل فوری حل کر رہے ہیں۔ محمد علی اعجاز نے ہدایت کی کہ مقررہ ہدف کے ساتھ ساتھ پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کی پولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں اور قائل کیے گئے خاندانوں کے بچوں کو بھی ہر صورت پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کو یقینی طور پر کامیاب بنایا جائے۔