ڈرگ انسپکٹرز کی مانیٹرنگ کیلئے باڈی کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ
09-26-2026
(لاہور نیوز) ڈرگ انسپکٹرز کی مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کیلئے انہیں باڈی کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
فیصلہ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے 303ویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کی، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری کیپٹن (ر) محمد اورنگزیب، ایڈیشنل سیکرٹری قلندر خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز محمد سہیل، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر معیز، ڈی جی ڈرگ کنٹرولر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مانیٹرنگ بہتر بنانی ہے تو نظام کو مزید مضبوط کرنا ہو گا، باڈی کیمروں کی مدد سے ڈرگ انسپکٹرز کی کارروائیوں کی مؤثر مانیٹرنگ کے ساتھ بہت سی شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن ہو گا۔ اجلاس میں مختلف زیر التوا کیسز پر فیصلے کئے گئے، جبکہ صوبائی وزیر نے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا، صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، عطائیوں اور جعلی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ کوئی بھی زائدالمیعاد، جعلی یا غیر معیاری دوا کسی بھی جگہ فروخت نہیں ہونی چاہئے، ادویات ساز کمپنیوں میں کوالٹی کنٹرول قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا مؤثر نفاذ ہی جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام ممکن بنا سکتا ہے، کارروائیوں کی رپورٹ ڈریپ کے ساتھ مسلسل شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم اور ذمہ داری ہے۔