پنجاب بھر میں فیول اسٹیشنز کے معائنے سے پیرا فورس کو روک دیا گیا
09-26-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں فیول اسٹیشنز کے حوالے سے پیرا فورس کو اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
فیول اسٹیشنز مالکان کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر چیف سیکریٹری پنجاب نے پیرا فورس کی جانب سے کئے جانے والے دوروں اور انسپیکشنز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کی ہدایت پر پیرا فورس کو صوبے بھر میں فیول اسٹیشنز کے دوروں اور معائنوں سے روک دیا گیا ہے، فیول اسٹیشنز پر تمام دورے، انسپیکشنز اور متعلقہ سرگرمیاں فی الحال معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل پیرا کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں فیول اسٹیشنز کے معائنے سے متعلق نئی ہدایات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق پیرا فورس کی جانب سے فیول اسٹیشنز کے دوروں اور انسپیکشنز کا عمل آئندہ احکامات تک روک دیا گیا ہے، جبکہ مزید ہدایات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔