کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ اور ون وے کی خلاف ورزیوں کیخلاف جنرل ہولڈ اپ

09-26-2026

(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور نے آج اور کل شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ، تین سوار موٹرسائیکل سواروں اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا حکم دے دیا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کی جائے گی۔ کم عمر کی موٹرسائیکل جووینائل پرمٹ دکھانے پر ہی چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر پہلے مرحلے میں چالان کرنے جبکہ بار بار خلاف ورزی کی صورت میں مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز بچے گھروں سے موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ لے کر سڑکوں پر آ جاتے ہیں، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ حادثات کی بڑی وجوہات میں کم عمر ڈرائیورز بھی شامل ہیں، لہٰذا والدین اپنے بچوں کو موٹرسائیکل یا گاڑی ہرگز نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر پانچ ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گاڑی بھی بند کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائسنس دفاتر کے باہر خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا اور موٹرسائیکل سواروں کو لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں کار یا موٹرسائیکل چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔