لاہور میں پتنگوں اور ڈور کی بڑی ترسیل ناکام، 2 بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز گرفتار

09-26-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کوٹلی پیر عبدالرحمن کے قریب چیکنگ کے دوران رکشے پر پتنگوں اور ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے کاشف اور وقاص عرف وکی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 500 پتنگیں اور 10 چرخیاں قاتل کیمیکل ڈور برآمد ہوئی ہیں، جبکہ ڈلیوری کے لیے استعمال ہونے والا رکشہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق ملزمان نے آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔