علیمہ خان کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر محکمہ داخلہ کی رپورٹ جمع

09-25-2026

(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شہریز خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کی نظر بندی سے متعلق درخواست ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پیر کے روز سماعت کیلئے مقرر کر رکھی ہے۔ وکیل درخواست گزار  نے مؤقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس  نے ایف آئی آر کے فونٹ کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے، جبکہ علیمہ خان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی غلطیوں سے بھرا ہوا ہے۔ وکیل  نے استدعا کی کہ ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے معاملے پر وضاحت طلب کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل  نے عدالت کو مزید بتایا کہ علیمہ خان کو ادویات اور کپڑے فراہم کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، وکیل  نے استدعا کی کہ ادویات اور کپڑے جیل پہنچانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ادویات اور کپڑوں کی فراہمی کیلئے الگ سے متفرق درخواست دائر کی جائے۔ عدالت نے علیمہ خان کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن سے متعلق متعلقہ فریقین سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل رانا مدثر عمر  نے کہا کہ درخواست کے ساتھ ایسے ثبوت بھی منسلک کئے گئے ہیں جن کے مطابق ان کے مؤکلہ بے گناہ ہیں، نظر بندی کے احکامات فوری طور پر ختم کئے جانے چاہئیں۔