اینٹی کرپشن پنجاب کا کرپٹ عناصر کیخلاف آپریشن، ایک ماہ میں 252 سرکاری ملازمین گرفتار
09-25-2026
(لاہور نیوز) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران صوبہ بھر سے 252 سرکاری ملازمین کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق مختلف ریجنز میں کارروائیوں کے دوران رشوت لیتے ہوئے 252 سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق لاہور ریجن اے سے 19، لاہور ریجن بی سے 20، گوجرانوالہ سے 28، فیصل آباد سے 25 اور راولپنڈی ریجن سے 28 سرکاری ملازمین کو ٹریپ ریڈ کے دوران گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا ریجن سے 16، ساہیوال سے 19، ملتان سے 42، بہاولپور سے 25 جبکہ ڈی جی خان ریجن سے 30 افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کرپشن کے الزامات کی انکوائری کے بعد بھی متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور ریجن اے سے 13، لاہور ریجن بی سے 14، گوجرانوالہ سے 40، فیصل آباد سے 19 اور راولپنڈی ریجن سے ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کیا گیا۔ مزید کارروائیوں میں سرگودھا ریجن سے 9، ساہیوال سے 16، ملتان سے 28، بہاولپور سے 28 اور ڈی جی خان سے 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ کرپٹ عناصر کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔