پولیو مہم کا جائزہ اجلاس، 17 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل

09-25-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے انسدادِ پولیو مہم کے چوتھے روز نادر ہال میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں پولیو مہم کی پیش رفت اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبداللہ خان، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، بین الاقوامی مبصرین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران  نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ نے اجلاس کو پولیو مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ کے مطابق لاہور میں جاری پولیو مہم کے دوران 18 لاکھ 62 ہزار 148 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 17 لاکھ 57 ہزار 982 بچوں کو کور کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح 13 لاکھ 25 ہزار 861 گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا، جن میں سے 12 لاکھ 8 ہزار 226 گھروں کو کور کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گھروں پر غیر موجود 3 لاکھ 52 ہزار 714 بچوں میں سے 2 لاکھ 17 ہزار 920 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جا چکی ہے، جبکہ باقی 1 لاکھ 34 ہزار 794 بچوں کو بھی کور کرنے کیلئے ٹیموں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ پولیو مہم کے دوران 437 انکاری کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 402 بچوں کو ویکسین پلائی جا چکی ہے جبکہ 35 کیسز باقی ہیں، ان میں سے 33 کیسز میڈیکل انکاری کے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز  نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ انکاری کیسز کے والدین کو قائل کرکے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، جبکہ میڈیکل انکاری کیسز کی تصدیق اور والدین کی کونسلنگ بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلان کے مطابق پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے، پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کسی بھی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔