پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن،1 ہزار کلو فنگس زدہ اشیا سمیت ناقص خوراک تلف

09-25-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رسول پارک، کوٹ لکھپت، نشتر ٹاؤن اور مضافاتی علاقوں میں 11 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے۔

کارروائی کے دوران 2 یونٹس بند، ایک کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 8 یونٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ہزار کلو فنگس زدہ اشیا، 800 لٹر ناقص آئل، 600 کلو مضرِ صحت پکوڑیاں اور 150 لٹر دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ 2 مکسنگ مشینیں، 2 کڑاہے، 7 پلاسٹک ڈرم، وزن کانٹا، رنگ کاٹ اور ڈرم بھی ضبط کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق دودھ کا سیمپل فیل ہونے پر ایک ملک شاپ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، جبکہ ناقص آئل اور مضرِ صحت پکوڑیاں برآمد ہونے پر نمکو فیکٹری کو بند کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک معروف آئسکریم یونٹ سے لیے گئے 6 سیمپل فیل ہونے پر یونٹ بھی بند کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف فوڈ یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، تعفن زدہ ماحول اور حشرات کی بہتات پائی گئی، جبکہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے ناقص مصنوعات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ فراڈ مافیا ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔