لاہور میں ضلعی سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر قائم

09-25-2026

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور نعمان یوسف کی ہدایت پر ضلعی سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا۔

سینٹر ڈپٹی کمشنر لاہور کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے، جہاں سموگ کے تدارک کیلئے متعلقہ تمام محکموں کے فوکل پرسنز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف کے مطابق ضلعی سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر کے قیام سے ضلع بھر میں انسدادِ سموگ سرگرمیوں کیلئے مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے گی، جبکہ انسدادِ سموگ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی کارروائیوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ سموگ کیلئے شہر بھر میں پالیسی کے تحت کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز  کے مطابق سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا، تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ہر تحصیل کا سموگ آڈٹ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں بھی دو افسران تعینات کئے گئے ہیں، جو ضلعی سموگ کنٹرول سینٹر کے ساتھ رابطہ کاری کریں گے۔ سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر میں محکمہ ماحولیات، صنعت، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور ٹریفک پولیس کے فوکل پرسنز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور محکمہ زراعت کے فوکل پرسنز بھی سینٹر میں موجود ہوں گے۔ انتظامیہ کے مطابق مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے انسدادِ سموگ اقدامات کی نگرانی اور بروقت کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔