جمعۃ المبارک پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

09-25-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

آئی جی پنجاب نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں، چینی و غیر ملکی سفارت خانوں سمیت تمام حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ عبدالکریم نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف جبکہ اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام اور شہریوں کی جان و مال و املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کی پابندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد، مشتبہ گاڑیوں اور سامان کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔