معلومات کی بھرمار میں مستند خبر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے: مریم نوازشریف

09-25-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ریڈرشپ ڈے کے موقع پر پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اور پرنٹ میڈیا سے متعلق تمام تنظیموں کے عہدیداران و ارکان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں مریم نوازشریف نے اخبارات کے قارئین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معلومات کی بھرمار کے موجودہ دور میں بھی اخبار اطلاعات کا مستند ذریعہ ہے، اخبارات میں ایڈیٹوریل چیک کے ذریعے غلط اور گمراہ کن معلومات کو روکنا قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اخبارات نے ہر دور میں شعور و آگاہی اور رائے عامہ کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ قیام پاکستان کی تحریک کے دوران اخبارات نے عوام میں آزادی کا شعور بیدار کیا، جبکہ تحریک آزادی کے دوران سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی جدوجہد بھی تاریخ کا حصہ ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ اخبار کے مطالعے کا شوق انہیں ورثے میں ملا ہے اور آج بھی جب وقت ملتا ہے تو اخبارات کا مطالعہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے دور کے باوجود پرنٹ میڈیا کی افادیت برقرار رہے گی۔ گمراہ کن اطلاعات کے موجودہ دور میں معروضی صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل کو درست معلومات تک رسائی کے لیے اخبارات کے مطالعے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔