محمد شہزاد نے مصباح الحق کی تیز ترین فرسٹ کلاس سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا

09-24-2026

(ویب ڈیسک) پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے بیٹر محمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین اکیڈمی کے خلاف میچ میں محمد شہزاد نے صرف 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سابق کپتان مصباح الحق کے پاس تھا، جنہوں نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ محمد شہزاد کی جارحانہ اننگز میں 12 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 62 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 114 رنز بنائے۔ یہ محمد شہزاد کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھٹی سنچری ہے، جبکہ 49 گیندوں پر بنائی گئی سنچری عالمی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین سنچریوں میں آٹھویں نمبر پر بھی شمار ہوتی ہے۔