اکتوبر کی کسی بھی تاریخ کو لانگ مارچ کا دوبارہ اعلان کریں گے، لیاقت بلوچ
09-24-2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اکتوبر میں کسی بھی تاریخ کو لانگ مارچ کا دوبارہ اعلان کرے گی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو چکی ہیں، جماعت اسلامی عوام کو درپیش معاشی مسائل کے حل کیلئے اپنا احتجاجی مؤقف برقرار رکھے گی، 25 ستمبر کو لاہور میں شام 5 بجے اسلام آباد مارچ کے حوالے سے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ آئی پی پیز کے حوالے سے لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے آئی پی پیز کے خلاف احتجاج اور دھرنے کئے، 10 آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید 21 آئی پی پیز کے معاملات آخری مرحلے میں ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی بھی عوام پر اضافی بوجھ ہے، ایک لٹر پٹرول پر 107 روپے لیوی ٹیکس لیا جاتا ہے۔