پیشہ ور گداگروں کے خلاف سپیشل کریک ڈاؤن، 156 گرفتار، 154 مقدمات درج

09-24-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پیشہ ور گداگروں کیخلاف سپیشل کریک ڈاؤن، رات گئے عوامی مقامات سے 156 بھکاریوں کو حراست میں لے لیا گیا، شہر کے مختلف تھانوں میں 154 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گداگری کی آڑ میں جرائم پیشہ عناصر ریکی اور وارداتوں کے لیے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، چوری اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، جبکہ بھکاریوں کو پناہ دینے والے سہولت کاروں کی نشاندہی اور گرفتاریوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ فیصل کامران نے بتایا کہ رواں سال گداگری میں ملوث ایک ہزار 8 مرد اور 13 خواتین بھکارنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ بچوں سے بھیک منگوانا ناقابلِ معافی جرم ہے، گداگری میں استعمال ہونے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گداگری ایک لعنت ہے، پولیس اس مکروہ دھندے کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ گداگری کے خلاف مہم میں پولیس کا ساتھ دیں اور بھکاری مافیا کی حوصلہ شکنی کریں، سڑکوں پر بھیک دینے کے بجائے متعلقہ حکام کو اطلاع دیں، کیونکہ بھیک دینا جرائم کو فروغ دینے کا سبب بن سکتا ہے، شہری ایسے عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔