لاہور میں تین روز کے دوران 9 لاکھ سے زائد گھروں کی کوریج مکمل

09-24-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے ڈی سی میونسپل سروسز، سی ای او ہیلتھ، عالمی مبصرین، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈی سی لاہور کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق مہم کے پہلے تین دنوں میں 14 لاکھ بچوں کے ہدف میں سے 13 لاکھ 29 ہزار 714 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ 10 لاکھ گھروں کی کوریج کے ہدف میں سے 9 لاکھ 15 ہزار 436 گھروں کی کوریج مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انکاری کیسز کے 281 میں سے 250 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا دیے گئے ہیں، جبکہ باقی کیسز میڈیکل ریفیوزل سے متعلق ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا اولین ترجیح ہے۔ فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ اور سپروائزری کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں انسداد پولیو مہم کے لیے بہترین اور منظم حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ لاہور کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے ساتوں دن بھرپور انداز میں مہم جاری رہے گی، تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔