منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، بین الاضلاعی 3 منشیات ڈیلرز گرفتار
09-24-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
باغبانپورہ پولیس نے منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے بین الاضلاعی نیٹ ورک سے مبینہ طور پر منسلک 3 منشیات ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی دینے والے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شعیب، وقار اور فارس کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 1050 لیٹر زہریلی دیسی شراب، 3 کلو سے زائد چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں مقررہ مقامات پر سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور شہر سے منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔