انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زائد رہا
09-23-2026
(لاہور نیوز) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
رواں سال انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا مجموعی کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زائد رہا ہے، جبکہ گزشتہ سال انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میں کامیابی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رواں سال ایک بار پھر طالبات نے میدان مار لیا اور کامیابی کے تناسب میں طلبہ کو واضح طور پر پیچھے چھوڑ دیا، طالبات کی کامیابی کا تناسب 71 فیصد رہا جبکہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا، اس طرح طالبات کے نتائج طلبہ کے مقابلے میں تقریباً 22 فیصد بہتر رہے ہیں۔ مجموعی نتائج میں نمایاں بہتری کے باوجود ریاضی کا مضمون طلبہ کیلئے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میں سب سے زیادہ امیدوار ریاضی کے مضمون میں ہی فیل ہوئے ہیں۔ ریاضی کے مضمون میں تقریباً 50 فیصد امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے، جس پر ماہرین تعلیم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مضمون میں بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔