پنجاب میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست منظور

09-23-2026

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے پنجاب میں سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست منظور کر لی۔

ذرائع کے مطابق رینجرز  کے دستے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گے، راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی تھی، جبکہ اٹک میں رینجرز کے 5 ونگز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہو گی۔ رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 جبکہ پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(ب) اور 10 کے تحت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارتِ داخلہ کو پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کیلئے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، مراسلہ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو لکھا گیا۔