انسدادِ پولیو مہم، ابتدائی دو روز میں 33 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

09-23-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے، جبکہ مہم کے ابتدائی دو روز کے دوران صوبے میں 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

حکام کے مطابق لاہور میں 6 لاکھ 2 ہزار بچوں، راولپنڈی میں 4 لاکھ سے زائد جبکہ ملتان میں 4 لاکھ 66 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ خالد پرویز  نے ملتان اور بہاولپور کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری پولیو مہم کا جائزہ لیا، ملتان میں انہوں  نے موبائل اور مہاجر آبادیوں کے نمائندوں اور انفلوئنسرز سے ملاقات کی، جس میں پولیو ویکسینیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خالد پرویز  نے کہا کہ ملتان ایک اہم ٹرانزٹ شہر ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں مسافر آتے اور جاتے ہیں، ٹرانزٹ مقامات پر پولیو ٹیمیں بچوں کو ویکسین پلانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اس لئے کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں موبائل اور مہاجر آبادیوں کے بچوں کی ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، موبائل اور مہاجر آبادیوں میں چیک کئے گئے تمام بچے پولیو ویکسین سے محفوظ پائے گئے۔ انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ  نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیمیں موبائل اور مہاجر آبادیوں تک ہر اہل بچے کی رسائی یقینی بنائیں اور ہر بچے کی ویکسینیشن کیلئے مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ خالد پرویز  نے کہا کہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر اگر ایک بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم رہ جائے تو وہ خود بھی خطرے میں ہوتا ہے اور دوسرے بچوں کیلئے بھی خطرہ بن سکتا ہے، انہوں  نے زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مزارات اور دیگر ایسے مقامات جہاں مسافروں اور موبائل آبادیوں کی آمدورفت زیادہ ہو، وہاں ویکسینیشن کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن مزید مضبوط کی جائے۔ خالد پرویز  نے پولیو ویکسینیشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ ویکسین پلانے سے پہلے ویکسین مانیٹر اور ایکسپائری تاریخ لازمی چیک کی جائے، جبکہ ویکسینیشن میں استعمال ہونے والے مارکرز کا معیار یقینی بنانے کے ساتھ مناسب بفر سٹاک بھی برقرار رکھا جائے، دورے کے دوران خالد پرویز  نے فیصل موورز بس سٹینڈ پر چار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔