پی ایچ اے کا مختلف اضلاع کے شہر ہائے خموشاں میں شجرکاری کا منصوبہ
09-23-2026
(لاہور نیوز) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے مختلف اضلاع کے شہر ہائے خموشاں میں شجرکاری کا منصوبہ تیار کر لیا۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے ضلعی ایجنسیوں کو اپنے اپنے شہروں کے قبرستانوں میں سایہ دار درخت لگانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق قبرستانوں میں علاقے کی مقامی، سدا بہار اور گھنے درختوں کی اقسام لگائی جائیں گی، جبکہ پلکن، ٹرمینیلیا، گاب اور دیگر مقامی اقسام کو ترجیح دی جائے گی۔ احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی احادیث مبارکہ کی روشنی میں شجرکاری صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شجرکاری کے لیے ایسے درختوں کا انتخاب کیا جائے جن کی جڑوں سے قریبی قبروں کو نقصان نہ پہنچے۔ ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق ضلعی ایجنسیاں ایسے درختوں کا انتخاب کریں گی جو کم پانی میں بھی زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن قبرستانوں میں قبروں کے درمیان جگہ کم ہو، وہاں درخت لگانے کے بجائے چھوٹے پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔