اوور لوڈنگ کے خلاف انفورسمنٹ فیز شروع کرنے کی ہدایت
09-23-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ کی روک تھام اور موبائل ویٹ اسٹیشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پانچ اضلاع میں نصب موبائل ویٹ اسٹیشنز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور ریمز کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ اٹک، جھنگ، ملتان اور سرگودھا کے ایکسین نے آن لائن شرکت کی، اجلاس میں صوبائی وزیر کو شاہراہوں پر اوور لوڈنگ سے متعلق مرتب کیے گئے ڈیٹا پر بریفنگ دی گئی، حکام نے بتایا کہ شاہراہوں پر اوور لوڈ گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے اسٹیبلشمنٹ اور مانیٹرنگ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائی کیلئے انفورسمنٹ فیز پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے موبائل ویٹ اسٹیشنز کو آؤٹ سورس کرنے کے حوالے سے ٹی او آرز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اوور لوڈنگ سے شاہراہوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، محکمہ ہائی وے نے موبائل ویٹ اسٹیشنز کو فعال کرنے کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے موبائل ویٹ اسٹیشنز کو فعال کرنے اور اوور لوڈنگ سے متعلق ڈیٹا مرتب کرنے پر افسران کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ مرحلے میں اوور لوڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔