پنجاب میں امن و امان کی صورتحال حوصلہ افزا، مختلف آپریشنز جاری ہیں: مریم نواز
09-22-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی امور پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر اور منظم اشتراکِ کار پر اظہارِ اطمینان کیا گیا، پیفٹاک میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کا قیام اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کے لیے اہم اقدام قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں پر اظہارِ تشکر کیا اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں آپریشن ضربِ للہ الحق میں شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی، کمانڈر لاہور کور بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کے سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں سوشل انفراسٹرکچر کے قیام کے لیے 93 منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، اسمارٹ پولیس سٹیشنز اور پولیس چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی۔ بریفنگ کے مطابق کچے کے علاقے میں 62 کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیل بریج تعمیر کیا جائے گا، عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے اخراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین ہم سے بہتر اور اعلیٰ ترین لوگ ہیں، پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراکِ کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیفٹاک کے ذریعے بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو رہا ہے، پاک فوج اور تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے، امن و امان کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم میں کمی سے عوام میں احساسِ تحفظ پیدا ہوا ہے، پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا نہیں چل سکتا، پنجاب بھر میں مافیاز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن میں ملوث ہونے پر پولیس کے 718 ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا، کچے کے علاقے میں امن و امان کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو سلام اور شاباش دیتی ہوں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کچے کے علاقے میں صحت، تعلیم اور امن و امان کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے، کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد، عوام اور حکام کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم بن کر یکساں سمت میں کام کرنے سے کامیابی ملتی ہے، کچے کے علاقے میں مسلسل مانیٹرنگ اور ویجی لینس جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجموعی طور پر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال حوصلہ افزا ہے تاہم مختلف آپریشنز جاری ہیں، پولیس کو امن و امان کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے پولیس اہلکاروں کو باڈی ورن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، سیف سٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اس کے عوام کی جانب سے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، فیلڈ مارشل کی قیادت میں شاندار لیڈرشپ قابلِ تحسین ہے، تمام ادارے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان کا امیج دنیا بھر میں بلند ہوا، سیکیورٹی کے معاملے میں کوئی گیپ نہیں آنا چاہیے، پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مؤثر اور پیشگی پولیسنگ کے باعث پنجاب میں جرائم کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے۔