مفاہمت اور مکالمے سے سیاسی و معاشی استحکام آئے گا، سابق گورنر پنجاب
09-22-2026
(لاہور نیوز) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں سے نکالنے کے لیے مفاہمت، مکالمے اور باہمی اعتماد کی اشد ضرورت ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے تمام فریقوں کو قومی مفاد میں مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے، سیاسی استحکام کے بغیر نہ معیشت مضبوط ہو سکتی ہے اور نہ ہی عوام کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے علیمہ خان کی گرفتاری پر اپنے بیان میں کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے مفاہمت کی فضا خراب اور سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا، جس کا ملک متحمل نہیں۔ سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ تلخ ماضی کو فراموش کرکے آگے بڑھنا ہوگا، موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو تحمل، برداشت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ چودھری سرور نے کہا کہ ملک کو مزید محاذ آرائی کی طرف دھکیلنے کے بجائے آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے بامقصد مکالمے کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کا پائیدار حل گرفتاریوں، دباؤ یا طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات، انصاف اور سیاسی مفاہمت میں پوشیدہ ہے۔