ٹیکس ادائیگی میں خردبرد، متعدد فوڈ پوائنٹس کو جعلسازی پر جرمانے

09-22-2026

(لاہور نیوز) صارفین سے ٹیکس وصولی کے باوجود ٹیکس ریکارڈ میں اندراج نہ ہونے اور جعلی رسیدوں کے ذریعے ٹیکس ادائیگی میں خردبرد کی شکایات پر پنجاب ریونیو اتھارٹی متحرک ہو گئی۔

ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق متعدد ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز میں صارفین کے بلوں میں ٹیکس شامل کیا گیا، تاہم ٹیکس ریکارڈ میں اس کی تفصیلات موجود نہیں تھیں، مختلف مقامات پر بے قاعدگیاں سامنے آنے پر کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق متعدد فوڈ پوائنٹس کو مبینہ جعلسازی پر جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ ای آئی ایم ایس کے عدم استعمال پر نوٹسز بھی جاری کئے گئے، عوامی شکایات اور ویجیلنس رپورٹس کی بنیاد پر لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان میں کارروائیاں کی گئیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز کو درست ٹیکس رسید جاری کرنے اور ٹیکس ریکارڈ مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے، ترجمان کے مطابق ماہانہ 5 لاکھ روپے تک سیلز ریکارڈ رکھنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز بھی ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری کرنے کے پابند ہیں۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صارفین سے وصول کئے گئے ٹیکس میں خردبرد کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔